اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ہمراہ شہید ہوئے افسران ہماری قوم کا فخر ہیں، قوم کبھی ان کی قربانی فراموش نہیں کرے گی۔ منگل کو اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز اور ان کے ہمراہ شہید ہوئے افسران ہماری قوم کا فخر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ان کی شہادت کو آج پورا ایک برس بیت گیا ہے، مجھ سمیت پوری قوم لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جام شہادت نوش کرنے والے مادر وطن کے ان عظیم سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ ملک کو میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کا مقابلہ ہو، دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ یا قدرتی آفات، قوم نے جب جب اپنے جوانوں کو یاد کیا انہوں نے اپنا لہو قربان کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔ قوم کبھی ان کی قربانی فراموش نہیں کرے گی۔