نیو یارک(نیٹ نیوز )اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت، ہر قسم اور شکل کی دہشتگردی عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ قرار ، سیکیورٹی کونسل کا حکومت پاکستان اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔سیکیورٹی کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے اراکین دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، سیکیورٹی کونسل نے تمام متعلقہ ممالک سے باجوڑ واقعے کے مجرمان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے پر بھی زوردیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام کرداروں، مالی معاونوں اور سہولت کاروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے، تمام متعلقہ ممالک بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق مجرمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کریں، دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ، بلاجواز اور قابل مذمت ہے۔