خیرپور(نمائندہ خصوصی) دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور خیرپور میں پیر جو گوٹھ کے کچے کے 200 سے زائد دیہات ڈوب گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو کچے کے علاقوں کو ڈبو رہا ہے اور خیرپور میں کچے کے کئی علاقے سیلابی پانی میں ڈوب چکے ہیں۔دریائے سندھ کا پانی فرید آباد بچاﺅ بند، اولڈ بنڈو بچاﺅ بند، جمشیر بچاﺅ بند سے ٹکرا گیا ہے اور کچے کے 200 سے زائد دیہات کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔متاثرہ دیہات کے لوگ پانی میں مکمل طور پر گھر چکے ہیں اور حکومتی اداروں کی امداد کے منتظر ہیں۔ بے یار ومددگار متاثرین نے اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔واضح رہے کہ محکمہ آبپاشی دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر متعلقہ حکام کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کر چکا ہے۔