اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو ان کے 130ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح ایک عظیم بھائی کی عظیم بہن تھیں،فاطمہ جناح قوم کے لئے ماں کا درجہ رکھتی ہیں، قوم پر ان کے بہت احسانات ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح بابائے قوم کے لئے حوصلے اور ہمت کا ذریعہ تھیں۔ انہوںنے کہاکہ مادر ملت آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئیں، عوام ، جمہوریت اور ملک کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان اور ملک کیلئے بے مثال کردار ادا کیا اور قربانیاں دیں ۔ شہباز شریف نے کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح کی شخصیت آج کی بچیوں اور خواتین کے لئے مشعل راہ ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قوم مادر ملت کی پاکستان کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ہمیشہ ان کے احسانات کی مقروض رہے گی