اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)گزشتہ مالی سال میں ٹیکسوں کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال میں ہدف سے495 ارب روپے کم حاصل کیے ، ایف بی آر کا ہدف 7 ہزار 640 ارب روپے اکٹھے کرنا تھا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 25 فیصد کمی سے 48 کروڑ ڈالر رہی جبکہ بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح منفی 14.37 فیصد رہی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال بیرون ملک سے بھجوائی جانے والی ترسیلات 3.86 فیصد بڑھیں۔اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی بیرونی فنانسنگ منفی رہی جس کی بڑی وجوہات حکومت کے اسٹیٹ بینک سے قرض لینے پر پابندی اور آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کا معطل ہونا تھا۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت نے بیرونی قر ض کم لیا اور واپس زیادہ کیا، گزشتہ سال حکومت کو مقامی بینکوں اور نان بینک ذرائع سے کمرشل قرض لینا پڑا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کا پرائمری خسارہ جی ڈی پی کے 7 فیصد تک پہنچ سکتا ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران بیرونی فناسنگ 682 ارب روپے منفی رہی۔