اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، دوسرے مرحلے میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ سی پیک کی 10 سالہ تقریبات میں شرکت پر چین کے نائب وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں، باجوڑ سانحہ کے باعث سی پیک کی تقریبات کو سادگی سے منا رہے ہیں، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، آج کا دن دونوں کیلئے ایک یادگار دن ہے، چین اور پاکستان آئرن برادر ہیں، چین نے ترقی کا سفر ہمت اور لگن سے طے کیا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان منفرد دوستی کا آغاز ہوا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے چین اور پاکستان کی دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، صدر شی جن پنگ نے دورہ پاکستان کے موقع پر سی پیک کا تحفہ دیا، سی پیک کے بہت سے منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا، چند منصوبوں پر ابھی بھی کام جاری ہے جو تکمیل کے مراحل میں ہے، توانائی بحران کو ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا، سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی، لاکھوں افراد کو سی پیک کے تحت روزگار کے مواقع ملے، چینی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستی کو نبھانے میں اہم کردار ادا کیا، چین اور پاکستان مل کر سی پیک کے ذریعے فاصلوں کو سمیٹ رہے ہیں، گوادر پورٹ آئندہ آنے والے دنوں میں مصروف ترین بندرگاہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت گوادر کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروے کار لا رہی ہے، گوادر میں بجلی اور پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، مشکل وقت میں چین کا ساتھ دینے پر شکر گزار ہیں، چین نے گزشتہ چار ماہ کے دوران مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی، چینی قیادت اور عوام کی جانب سے کی گئی مدد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، آئی ایم ایف معاہدے کے دوران چین اور دوست ملکوں کی مدد پر شکر گزار ہیں۔