اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ نوجوان مایوس نہ ہوں، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے،پاکستان میں معدنیاتی مٹی کی قیمت 6.1 ٹریلین ڈالر ہے، ملک بے شمار معدنیات سے مالا مال ہے، معدنیات کی مائننگ سے سب سے زیادہ فائدہ غریب عوام کو ہو گا ۔میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں معدنیاتی مٹی کی قیمت 6.1 ٹریلین ڈالر ہے، ملک بے شمار معدنیات سے مالا مال ہے، معدنیات کی مائننگ سے سب سے زیادہ فائدہ غریب عوام کو ہو گا۔انہوں نے کہا کہ معدنیات کے انقلاب سے ملک میں روزگار کے بےشمار مواقع پیدا ہونگے، اس معدنیاتی انقلاب کے لیے ہمارے 3 گول ہیں، روزگار، ترقی اور ایکسپورٹ۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ بلوچستان میں مزدور طبقہ بہت ہے، ان کو ملازمت فراہم کریں گے، ہم اس مٹی سے عوام کو فائدہ پہنچائیں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ اس ملک میں آپ کو ناامیدی کیوں نظر آتی ہے، ہم ان معدنیات پر فوکس کر رہے ہیں، گوادر میں انڈسٹریل زون بنائیں گے، معدنیاتی انقلاب سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا، بلوچستان میں معدنیات سے متعلق انڈسٹری لگائیں گے۔انہوںنے کہاکہ جو معدنیات اور مٹی ہم بیچیں گے اس سے ملک لاکھوں ڈالر کمائے گا، سونا اور تانبہ ملک کی تقدیر بدلے گا۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما نے کہا کہ خام معدنیات سے دھاتوں کو نکالنے کے کام کا آغاز کیا جائے گا، معدنیات کی کھدائی کے حوالے سے نئی قانون سازی کی جائے گی، انسانی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے واضح منصوبہ بندی ہو گی۔مصدق ملک نے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک میں خوش آمدید کہیں گے، سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن عمل شروع کیا جائے گا۔