کراچی/حیدرآباد(نمائندہ خصوصی)ملک بھرکی طرح کراچی سمیت سندھ بھر میں یومِ عاشور10محرم الحرام خاتم النبیین رسول اکرم ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ سمیت دیگر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور سخت سیکیورٹی میں ملک بھر میں ماتمی جلوس نکالے گئے، جس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے روایتی راستوں سے گزرے۔اس موقع پر علمائے کرام و ذاکرین نے اپنی تقاریر میں حضرت امام حسین کی عظیم اور روشن تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوﺅں کو اجاگر کیا۔جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا انتظام بھی کیا گیا جبکہ جلوس کے اختتام پر مجالس برپا کی گئیں، جس میں واقعہ کربلا اور اہلِ بیت کے فضائل و مراتب بیان کیے گئے۔کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی اور ٹریفک کے انتظام کے لیے 4 ہزار 698 پولیس اہلکار تعنیات کیئے گئے تھے۔کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا اور کھارادر میں حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جہاں شام کو 7:30 بجے جلوس روایتی راستے ہوتے ہوئے ایم اے جناح روڈ پہنچا۔ماتمی جلوس ایم اے جناح روڈ اور بابائے اردو روڈ جو صبح 8:15 بجے بند کردیا گیا تھا تاہم شام کو جلوس کے گزرنے کے بعد کھول دیا گیا۔قبل ازیں پولیس نے کہا تھا کہ جلوس کے باعث نیشنل ہائی وے روڈ پورٹ قاسم کی طرف بند کردیا گیا تھا جو 3:15 بجے کھول دی گئی ہے اور جلوس ختم ہوگیا۔