کراچی(نمائندہ خصوصی)
کورنگی کے علاقے پی این ٹی کالونی میں ایک کارخانے میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوا جس کے باعث چھت گرگئی اور ملبے تلے دب کر 11 مزدورزخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے پی این ٹی کالونی گیٹ نمبر ایک کے قریب قائم کارخانے کی چھت گرگئی۔اطلاع ملتے ہی پولیس،فائر بریگیڈ اورریسکیوادارے کے اہلکارموقع پرپہنچ گئے۔امدادی کاموں کے دوران ملبے تلے دبے 11 مزدروں کونکال کر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق مزدور نے چولہا جلایا تو گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوگیا۔چھت گرنے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔ریسکیو حکام کے مطابق ملبے میں دبنے والے تمام 11 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔زخمیوں کی شناخت 18 سالہ کامران،20 سالہ علی دینو،25 سالہ سجاد،45 سالہ افتخار،25 سالہ عباس، 20 سالہ شمشاد، 23 سالہ غفار اور انتظار، 18 سالہ پیرن،عاشق اور 35 سالہ عبدالقدوس کے نام سے ہوئی ہے۔ ایک مزدور کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ پاپے بنانے کی فیکٹری میں پیش آیا۔ کارخانے میں مزدور چائے بنا رہا تھا، جیسے ہی چولہا جلایا تو گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوگیا۔دھماکے کے فوری بعد کارخانے کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں لوگ زخمی ہوئے۔بتایا جاتا ہے کہ بیکری میں عملے کی تعداد زیادہ ہوتی ہے تاہم جمعہ اور ہفتہ کو محرم الحرام اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کے باعث عملہ معمول کی تعداد سے بہت کم تھا۔۔پولیس حکام کے مطابق متاثرہ کارخانے میں بیکری کی اشیا تیار کی جاتی ہیں اورکارخانے میں مجموعی طور پر 14 مزدور کام کرتے ہیں۔ابتدائی طور پر پولیس حکام نے بتایا کہ کارخانے کے مالک حسنین سے رابطہ نہیں ہوسکا۔