اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر شیری رحمن نے کہا ہے کہ گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کے واقعے کے ذمے دار تمام لوگوں کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہو گا۔گھریلو ملازمہ رضوانہ پر کیے جانے والے تشدد کے حوالے سے شیری رحمن نے کہا کہ اس واقعے نے گھروں اور دیگر جگہوں پر کام کرنے والے بچوں پر ہونے والے ظلم کو بے نقاب کیا ہے۔شیری رحمن نے کہا کہ سول جج کی اہلیہ کے 14 سالہ بچی پر تشدد کے واقعے نے ہر شہری کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچی ہسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے ، عدالت نے ملزمہ کو حفاظتی ضمانت دے دی ہے، اس قسم کا تشدد اور بدسلوکی قطعی طور پر ناقابلِ قبول ہے اور ہر سطح پر اس کی مذمت ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملزمہ کو ضمانت ممکنہ طور پر انصاف کے عمل میں تاخیر اور رکاوٹ بن سکتی ہے۔شیری رحمن نے کہا کہ عدالتی نظام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے منصفانہ اور تیز ٹرائل کو یقینی بنانا چاہیے، رضوانہ جس درد اور صدمے سے گزری ہوگی اس کا ہم اندازہ بھی نہیں کر سکتے۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ ان واقعات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے مظالم کو روکا جا سکے۔