اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے 14 سالہ گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رضوانہ کو انصاف دینے کے بجائے ملزمان کو ضمانتیں ملنا افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مظلوم بیٹی کو بلا تاخیر انصاف دیا جائے، ملزم گرفتار کئے جائیں ،وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کو واقعہ کا نوٹس لے کر رضوانہ کو انصاف دلانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے ،مظلوم بیٹی رضوانہ کو انصاف دلائیں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت ہرممکن کردار اداکرے گی تاکہ جرم کرنے والے قانون کے مطابق سزا پائیں ،کوئی بھی معاشرہ ایسا ظلم کرنےو الے عناصر کو برداشت نہیں کرسکتا ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ رضوانہ کو اس حال میں پہنچانے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا ملنی چاہیے ،واقعہ بچوں سے مشقت اور ان کے ساتھ وحشیانہ سلوک کی انتہائی قابل شرم اور قابل مذمت مثال ہے۔انہوںنے کہاکہ پوری قوم رضوانہ کی صحت یابی کی دعا کرے ۔ انہوںنے کہاکہ رضوانہ کو جو جسمانی اور ذہنی صدمات پہنچے ہیں، ا±ن کے ازالے کے لئے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا ،اس بچی کو انصاف دینا عدلیہ کی ساکھ کے لئے بہت بڑا امتحان ہے۔