اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )
سینیٹ میں پاکستان رویت ہلال بل 2023 پیش کر دیا گیا ہے جس کی رو سے چاند دیکھنے کی جھوٹی گواہی دینے والے کو تین سال قید اور جرمانہ ہوسکے گاچیئرمین سینیٹ کے زیر صدارت اجلاس میں وزیر مملکت قانون وانصاف شہادت اعوان نے رویت ہلال بل 2023 پیش کیا جس کو چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔اس بل کے مطابق چاند کی جھوٹی گواہی دینے پر تین سال قید یا 50 ہزار روپے جرمانہ یا پھر دونوں سزائیں ایک ساتھ بھگتنا ہوں گی۔ نجی رویت ہلال کمیٹیوں پر چاند دیکھنے پر پابندی ہوگی،خلاف ورزی پر 5 لاکھ جرمانہ ہو گا۔ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے از خود چاند نظر آنے کا اعلان کرنے پر 5 لاکھ تک جرمانے ہوگا۔بل میں کہا گیا ہے کہ پیمرا چاند سے متعلقہ سرکاری اعلان سے قبل چاند نظر آنے کا اعلان کرنے والے ٹی وی چینل کا لائسنس منسوخ کر سکے گا یا ٹی وی جینل کو 10 لاکھ روپے جرمانہ یا پھر دونوں سزائیں بھی دے سکے گا۔بل کے مطابق عدالتیں 60 دن کے اندر قانون سے متعلق معاملات کا فیصلہ کرنے کی پابند ہوں گی۔
سینیٹ سے مسودہ قانون کی منظوری اور صدر مملکت کے دستخط کے بعد یہ بل باضابطہ قانون بن جائے گا۔سینیٹ کا اجلاس 2 اگست سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔