کراچی( کرائم رپورٹر )
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سندھ کے تمام اضلاع میں یکم تا یوم عاشور محرم الحرام سال 2023 کے جلوسوں، مجالس سمیت دیگر تمام انتظامات کو انتہائی بہترین حکمت عملی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے پرامن بنانے پر سندھ پولیس،اسپیشل برانچ،ٹیلی کمیو نیکیشن پولیس سندھ و دیگر یونٹس کے افسران و جوانوں اور اسٹاف کو شاباش دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کیساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کے لیئے کیئے جانیوالے اقدامات پر ٹریفک پولیس کی کارکردگی نہایت عمدہ اور لائق ستائش تھی۔آئی جی سندھ نے محرم کے دوران پاکستان رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی جانب سے پولیس کی مکمل سپورٹ اور تعاون پر بھی انکا شکریہ ادا کیا اور تعریف کی ہے۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ یوم عاشور کے بعد محرم کے حوالے سے منعقدہ دیگر مجالس اور جلوسوں کے علاوہ چہلم حضرت امام حسینؓ پر بھی پولیس سیکیورٹی کے جملہ امور واقدامات کے تسلسل کو جاری رکھیگی۔