کوئٹہ(نمائندہ خصوصی) آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ نے جمعہ کے روزیہاں سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں بلوچستان پولیس کی تقریباً ایک صدی پرمحیط مجموعی تاریخ کے حوالے سے بنائے گئے میوزیم کا افتتاح کیا۔۔میوزیم میں بلوچستان پولیس میں قدیم دور میں تعینات سپاہ کی نادر تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں اور اس دور میں استعمال ہونے والا اسلحہ، کمیونیکیشن، مختلف رجسٹراور تاریخی تحریری مواد رکھے گئے ۔ ایک ہی چھت کے نیچے نایاب اور قیمتی اشیاءکو اکٹھا کرنا ایک مشکل کام تھا لیکن بلوچستان پولیس کے افسران نے بہت قلیل مدت میں ناممکن کو ممکن بنایاجس پر وہ انہیں شاباش دیتے ہیںاورخاص طور پرڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹیلی کمیونیکیشن صاحبزادہ بلال عمر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہے جنہوں نے اس کا م کوبخوبی انجام دیا آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ نے سینٹرل پولیس آفس میں بلوچستان پولیس میوزیم کے افتتاح کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ آئی جی بلوچستان پولیس نے کہا کہ اس عمارت میں بلوچستان پولیس کی قدیم تاریخ اورفورس کے ارتقا کے اہم ادوار کے حوالے سے ایک ترتیب سے اشیاءکو اکٹھا کر کے سجایا گیا ہے جس سے بلوچستان پولیس کی تقریبا ً ایک صدی پر محیط لازوال قربانیوں اور امن کے قیام میں ان کے کردار کی عکاسی کو بخوبی محسوس کیا جاسکتا ہے ۔بلوچستان پولیس میوزیم میں پرانے دور کی ابتدائی اطلاعی رپورٹ کے ساتھ ساتھ روزنامچہ رجسٹر، دورقدیم میں استعمال ہونے والا اسلحہ بارود، یونیفارم، مونوگرام، کمیونیکشن سسٹم، یادگار اور نایاب تصاویر کے علاوہ دیگر کئی اہم اشیاءبھی رکھی گئی ہیں۔میوزیم میں نصب تصاویر بھی قدیم بلوچستان میں پولیسنگ کی تاریخ کوبیان کرتی ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد احمد ڈوگر ، ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری چوہدری سلمان ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی سی کاشف عالم ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایا ، ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر ، ڈی آئی جی ٹیلی بلا ل عمر سمیت دیگر افسران شریک تھے۔ آئی جی پولیس نے تقریب کے آخر میں ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکشن بلال عمر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پولیس میوزیم کا مقصد بلوچستان پولیس کی قدیم تاریخ کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ایسے افسران اور عام عوام کے ساتھ شریک کرنا ہے ۔بلوچستان پولیس میوزیم کے افتتاح کے بعد تقریب میں مدعو افسران نے میوزیم کے اندر رکھی ہوئی پولیس فورس کے زیر استعمال پرانی اشیاءمیں دلچسپی لی۔