لاہور (نمائندہ خصوصی) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کو لائیں یا اپنے کسی جگری یار کو، یہ قوم اب سب کچھ سمجھتی ہے اور وقت آنے پر درست فیصلہ کرے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ 15 دن رہ گئے ہیں بے شک لیپ ٹاپ کی لوٹ سیل لگا دیں یا اپنی مرضی کے مطابق نگران وزیراعظم کے اختیار کی ترمیم کروالیں، ارکین اسمبلی کو ترقیاتی کاموں کیلئے 50ارب روپے کی بجائے 100 ارب بھی جاری کریں، ووٹ ترقیاتی کاموں کا نہیں عزت نفس کا ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لوگوں کو تو مہنگائی اور بجلی کا بل مار گیا ترقیاتی کام کیا کر لیں گے، آٹا اور چینی کی مہنگائی کا پھندا ہی کافی تھا، اب بجلی کی مہنگائی کا مزید پھندہ بھی لوگوں کے گلوں میں ڈال دیا گیا ہے، وہ کون سی انڈسٹری ہے جو اس مہنگی بجلی پر چل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خودکشیاں، بھوک، آئین اور قانون کی بے حرمتی چادر اور چاردیواری کی تباہی حکومت کا سیاسی قبرستان بنا دے گی، آٹا، چینی، بجلی، آئین اور قانون سے کھلواڑ آپ کے 14 طبق روشن کر دے گا، جسے اللہ ختم نہ کرے اسے کوئی ختم نہیں کر سکتا، اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، اپنی مرضی کا نگران وزیراعظم لے آئیں اپنی مرضی کے انتخابی نشان کا چنا کر لیں اگر الیکشن ہوئے تو شکست آپ کا مقدر ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ 15 مہینوں میں جو ظلم وستم آپ نے سیاسی مخالفین پر ڈھائے ہیں اس کی مثال پاکستان میں کہیں نہیں ملتی، بے گناہوں سے جیلیں بھری ہوئی ہیں، جھوٹے مقدموں سے تھانوں میں انبار لگے ہیں، جمہوریت کے نام پر فاشزم دہشتگردی اور لوٹ مار کا جو بازار گرم ہے یہ بازار عنقریب بند ہونے والا ہے اور عوام اپنا حق لے کر رہیں گے۔