کوئٹہ(نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم محمد شہباز شریف (آج)جمعرات کو گوادر کا ایک روزہ دورہ کریں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ دورے پر خرچ ہونے والی رقم کو عوام کی فلا ح و بہبود پر خرچ کیاجائے تو ایک بہتر اور قابل تقلید روایت قائم ہو گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف آج جمعرات کو گوادر کا ایک روزہ دور ہ کریں گے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کر نے کے ساتھ ساتھ ماہی گیروں میں چیک بھی تقسیم کریں گے جبکہ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا موقف ہے کہ وی وی آئی پی دورے کی سیکورٹی اور اتنظامی اخراجات پر ایک اندازے کے مطابق یومیہ پانچ کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں، دورے کر نے سے بہتر ہے کہ وزیراعظم یہ رقم عوام پر خرچ کریں اور ترقیاتی منصوبوں کو انتظامی محکمو ں کے ذریعے مکمل کر کے عوام سے انکا افتتاح کروائیں۔