ٹنڈوجام(نمائندہ خصوصی ) ھایئر ایجوکیشن کیمشن کے نیشنل ایگریکلچرل ایجوکیشن ایکریڈیشن کائونسل اسلام آباد کے وفد نے سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام سے منسلک شہید ذوالفقار علی بھٹو ایگریکلچر کالج ڈوکری کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، اور مختلف شعباجات کا مشاھداتی جائزہ لیا، نیشنل ایگریکلچرل ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل (این اے ای اے سی) کے وفد نے چیئرمین اشتیاق احمد رجوانہ، اراکین ڈاکٹر محمد نفیس، ڈاکٹر غلام حسن عباسی، ڈاکٹر وقاص ملک اور ڈاکٹر ناظم حسین نے کالج کے سوائل سائنس، ہارٹیکلچر، پلانٹ بریڈنگ اور ایگرانومی کے شعبوں کا مشاہداتی جائزہ لیا،
اس سلسلے میں زرعی کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اللہ ودھایو گانداھی نے وفد کو کالج کے ڈھانچے، نصاب، سہولیات اور انفراسٹرکچر کے بارے میں آگاہ کیا، اس موقع پر این اے ای اے سی کے چیئرمین اشتیاق احمد رجوانہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہم کالج میں طلباء کے لیے دستیاب تعلیمی معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ طلباء کے لیے بہتر تدریسی سہولیات فراہم کر کے علاقے میں زراعت کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ زرعی پیداوار بہتر نتائج دے سکے۔
اس موقع پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اللہ ودھایو گانداھی نے کہا کہ ٹیم کو کالج میں موجود تدریسی اور تحقیقی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا، اور اس بات کا بھی عزم کیا گیا کہ زرعی کالج ڈوکری کو ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا، طلباء کو جدید زرعی تعلیم کے لیے درکار مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر پروفیسر غلام نبی سوھو، پروفیسر عبدالحمید میمن، پروفیسر ڈاکٹر جاوید شبیر، پروفیسر نذیر علی پنہور، ڈاکٹر شاہنواز کھوڑو، کاشف حسین جتوئی اور دیگر بھی موجود تھے۔