اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )احتساب عدالت نے 190ملین پاﺅنڈز کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی31جولائی تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی جبکہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔بدھ کواسلام آباد کی احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف190ملین پاﺅنڈ کیس کی سماعت ہوئی،اس دوران بیرسٹرگوہر نے عدالت میں بتایا کہ خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف تھے،پھر ہائیکورٹ جانا ہے، (آج)جمعرات ہائیکورٹ جانا ہے،سپریم کورٹ کی ڈائریکشن آگئی ہے، آگے چھٹیاں ہیں، چھٹیوں کے بعد کی تاریخ دے دیں۔دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب سردار مظفر نے کہاکہ یہ ہرتاریخ میں یہی کہتے ہیں عبوری ضمانت کا کیس ہے ،اس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ انہیں جمعرات کی تاریخ دے دیں، پیر31جولائی کی تاریخ ٹھیک ہے، خواجہ حارث بھی آجائیں گے۔احتساب عدالت نے کہا کہ31جولائی کو عبوری ضمانت پر حتمی دلائل ہوں گے اور عبوری ضمانت میں 31جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔