سرینگر(کےایم ایس)
غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے جاری وحشیانہ مظالم اور محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کا نوٹس لیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پلوامہ ، کپواڑہ اور پونچھ کے علاقوں میں حال ہی میں قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی ہندوتوا حکومت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کشمیریوں کی اپنے ناقابلِ تنسیخِ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو کمزور کرنے کیلئے نوجوانوں کو قتل اور گرفتار کر رہی ہے۔
ادھر حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے رہنمائوں بشمول قاضی عمران، امتیاز احمد بٹ، اور خالد شبیر نے ایک مشترکہ بیان میں شہید محمد حسین بٹ، سلیمہ بٹ، سکینہ بٹ اور شبینہ بٹ کو ان کے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیاہے۔ اُنہیں 25 جولائی 1998ء کو ضلع ڈوڈہ میں بھارتی فوج کی حمایت یافتہ دیہات دفاع کمیٹیوں کے اہلکاروں نے شہید کردیا تھا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے جذبہ حریت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بھارت نے نہتے عوام کے خلاف ظلم و تشدد کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ بھارتی فوجیوں اور ان کی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے ہاتھوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل عام نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں کشمیریوں کو بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے۔