خیبر (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں تھانہ علی مسجد کی حدود میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ہوگئے۔کیپیٹل سٹی پولیس ا?فیسر (سی سی پی او) پشاور اشفاق انور نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکے کی جگہ سے پہلے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا، مشکوک شخص کی اطلاع پر شہید ہونے والے ایڈیشنل ایس ایچ او نے پاس ہی موجود شخص کو تلاشی کیلئے آواز دی لیکن وہ شخص تلاشی دینے کے بجائے مسجد کی جانب بھاگا، ایڈیشنل ایس ایچ او خودکش حملہ آور کے پیچھے بھاگے اور اسی دوران حملہ آور نے خود کودھماکےسے اڑا لیا، ایڈیشنل ایس ایچ او خودکش دھماکے میں شہید ہوگئے۔آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات خان کے مطابق دھماکا تھانہ علی مسجد کی حدود میں دو سرکا کے علاقے میں مسجد کے قریب ہوا جہاں تلاشی کے دوران خودکش حملہ آور نے بھاگنے کی کوشش کی۔ آئی جی کے مطابق ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی نے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ دھماکے میں تھانہ علی مسجد کے ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ دھماکے سے مسجد کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔