کراچی (نمائندہ خصوصی)وزیرِ اطلاعات ،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور وزیرِ اعلی سندھ کے معاون خصوصی شہزاد احمد کے ہمراہ آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں میں سندھ کی ضلعی اور صوبائی انتظامیہ مکمل الرٹ ہے، ہماری صوبائی حکومت سے لے کر تحصیل اور یو سی سطح تک بلدیاتی نمائندگان سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید بسیں کراچی کے لئے آچکی ہیں تاکہ کراچی کے شہریوں کو مزید سفری سہولیات فراہم کی جائیں اور جلد ان بسز کے روٹس کا فیصلہ ہو جائے گا۔ کارونجھر پہاڑ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کارونجھر کی تاریخی حیثیت کو قطعا متاثر ہونے نہیں دیا جائے گا ، پورے ملک میں سیاست سیاست کھیلی جار ہی ہے، لیکن پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جو کام کررہی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کو اپنے گھر مالکانہ حقوق کے ساتھ بنا کردینے کا وعدہ پورا کیا ہے ، روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی نے اپنے عوام کو ان کی دیرینہ خواہش پوری کرنے کے مواقع دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ، جیکب آباد اور قمبر شہدادکوٹ میں سیلاب متاثرین کو مالکانہ حقوق کے ساتھ گھر دینے کے وعدے پورے کئے گئے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا، 50 لاکھ گھر دینے والوں نے کسی کو ایک گھر نہیں دیا، گھر کے مالکانہ حقوق ملنے والی خواتین کے کھلے ہوئے چہرے بتارہے ہیں کہ عوام پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کو بلاتفریق اور خالصتا میرٹ کی بنیاد پر گھر دے رہی ہے، آج پاکستان کو افراتفری نہیں بلکہ ریلیف کے اقدامات اور زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے اور پیپلز پارٹی یہ فرض ادا کررہی ہے، چیئرمین بلاول نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی اگلے انتخابات میں اقتدار میں آئی تو سارے ملک کے لوگوں کو اپنا گھر مہیا کرےگی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی لوگوں کو ان کے دیرینہ مسائل کا حل دے گی، کیونکہ گھر کسی بھی شخص کا خواب ہوتا ہے۔