اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک بھر میں مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی کردی۔(آج) منگل اور (کل) بدھ کو بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں۔26جولائی سے بارش برسانے والے نئے سلسلے کا ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ پچیس اور چھبیس جولائی کو قلات،خضدار،لسبیلہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں تیز بارش ہوگی۔ پنجاب اور سندھ کے اکثر مقامات پر بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 30جولائی تک گلگت بلتستان ،کشمیر،اسلام آباد ، کے پی اور پنجاب میں بارش متوقع ہے، اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث بلوچستان، ڈیرہ غازی خان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ مری،گلیات،کشمیر،گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔