اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور نہ ہی نام کا تبادلہ ہوا ہے ،جو رپورٹ میڈیا میں چل رہی ہے وہ ’فیک ہے،نگران حکومت، نگران وزیراعظم کےلئے مشاورت کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں،انتخابات میں غیر جانبداری چاہیے ،تین رکنی کمیٹی بنی ہے اور مشاورت میں جو باتیں شروع ہوں گی وہ قیادت کو بتادیں گے اور جو بھی نام ہوں گے وہ بتادیے جائیں گے، ابھی کچھ طے نہیں ہواہے ، الیکشن ایکٹ کمیٹی میں ہے، ترامیم سب کی مشاورت سے ہوں گی۔فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمن نے کہا کہ اس وقت بڑی قیاس آرائیاں چل رہی ہیں، خاص طور پر نگران حکومت، نگران وزیراعظم اور اس کے لیے مشاورت کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وضاحت سے کہنا چاہتی ہوں کہ قیاس آرائیاں ضرور ہو رہی ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حوالے سے دو باتیں بار بار کہہ دیں گئی ہیں لیکن ہمارے ساتھ کوئی نام شیئر نہیں ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ میڈیا کے چند حلقوں نے ایسی خبریں چلائی ہیں کہ جیسے چند نام پکے ہوگئے ہیں اور طے ہوگیا لیکن ایسا نہیں ہے بلکہ ہمارے ساتھ اس سطح کے نہ تو نام شیئر ہوئے ہیں اور نہ پی پی پی کی طرف سے کوئی فیصلے آئے ہیں۔شیری رحمن نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ پی پی پی نے وہی پوزیشن رکھی ہے جو پہلے تھی، وہ ہماری آئین میں منجمد جمہوری پوزیشن ہے کہ نگران حکومت غیر جانبدار ہو تو بہتر ہے۔