کراچی(نمائندہ خصوصی) شارع پاکستان واٹرپمپ چورنگی پر فائرنگ سے حساس ادارے کا جوان جاں بحق ہوگیا ، مقتول اورنگی ٹاﺅن کا رہائشی تھا ، گھر سے بچے کا دودھ لینے کا بول کر نکلا تھا ۔جوہرآباد کے علاقے شارع پاکستان واٹرپمپ چورنگی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 33 سالہ نقاش تفصیر ولد محمد تفصیر کے نام سے کی گئی ، جو فلیٹ نمبر 1123 بلاک 11/A محمد نگر نشان حیدر چوک اورنگی ٹاون کا رہائشی تھا اور پاک فوج کا جوان تھا جبکہ اس کا آبائی تعلقل تحصیل گوجر خان سے تھا۔ ان دنوں چھٹیوں پر گھر آیا ہوا تھا۔گھر والوں نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ نقاش گھر سے بچے کا دودھ لانے کا بول کر نکلا تھا ، سمجھ میں نہیں آرہا کہ یہ واٹر پمپ کیسے پہنچ گیا ، ابتدائی طور پر اتوار کی شب تقریبا ساڑھے 10 بجے ریسکیو حکام نے بتایا تھا کہ واٹر پمپ چورنگی پر ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔اس وقت تک کراچی سمیت کسی شخص کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ زخمی ہونے والا شخص کون ہے اسی لیے کراچی پولیس نے بھی ایسی کوئی خاص توجہ نہیں دی کیونکہ دن بھر درجنوں لوگ ڈاکووں کی گولیوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔تاہم نقاش کی حساس ادارے سے وابستگی کا علم ہوتے ہوئے کراچی پولیس کی دوڑیں لگ گیں ایس ایس پی سینٹرل معارف عثمان سمیت دیگر افسران پہلے جائے وقوعہ پر اور پھر اسپتال پہنچ گئے۔ایس ایس پی سینٹرل نے کہاکہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا ہے یا ٹارگٹ کلنگ کا ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ، تحقیقات چل رہی ہیں ، مقتول کے پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہوسکے گا کہ کتنی گولیاں لگی ہیں ، پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے بہت جلد قاتلوں کو گرفتار کرلے گی ، قاتل کا تعلق کسی سے بھی ہو بچ نہیں سکے گا ۔