کراچی (نمائندہ خصوصی)
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کامیابی سے جاری ہیں۔ امتحانات کے دوسرے روز چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے ناظم امتحانات انو ر علیم خانزادہ، انسپکٹر آف کالجز زرینہ راشد، نائب ناظمین امتحانات اسلم چوہان،
زاہد رشید اور سینئر پروفیسر فرزانہ خان کے ہمراہ گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج شیخ زید سینٹر یونیورسٹی روڈ، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج گلشن اقبال شیخ زید سینٹر یونیورسٹی روڈ او ر گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج گلشن اقبال بلاک 4 کا دورہ کر کے امتحانی عمل اور امتحانی مراکز پر موجود سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ بورڈ کی جانب سے قائم ویجی لینس ٹیمیں بھی امتحانات کے شفاف اور احسن طریقے سے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے امتحانی مراکز کا دورہ کررہی ہیں۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بروز پیر 20جون کو صبح اور شام کی شفٹوں میں سائنس پری میڈیکل اور سائنس جنرل کا میتھمیٹکس پرچہ دوم، ہوم اکنامکس کا بائیولوجی اور بیکٹریالوجی او ر کامرس ریگولر اینڈ پرائیویٹ گروپس کا پرنسپل آف کامرس پرچہ دوم لیا گیا۔