کراچی (کاشف گرامی سے)
خواجہ آن لائن پروگرام سے شہرت پانے والے مشہور کامیڈین مسعود خواجہ بیماری سے لڑتے لڑتے جان بچ کی بازی ہار گئے،۔انا للّٰہ وانا الیہ راجعون_
اداکار مسعود خواجہ کا شمار خوش قسمت فن کاروں میں کیاجائے تو غلط نہ ہوگا، قریباً 25 سال پہلے فن کی دنیا میں قدم رکھنے والے اِس فن کار نے تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے شروع کیے تھے
سچی اور کھری باتیں کرنے والے اداکار مسعود خواجہ عرف ’’گوگا‘‘ نے راول پنڈی میں جنم لیا۔ گیارہ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا ہونے کی وجہ سے والدین، عزیز و اقارب اور بہن بھائیوں کا خوب لاڈ، پیار سمیٹا، والدہ پیار سے ’’گُگا‘‘ کہا کر تی تھیں۔ راول پنڈی کے نیو کیپیٹل اسکول سے پرائمری اور میٹرک تک تعلیم مکمل کرنے کے بعد سپورٹس بیس، (کرکٹ) پر کالج میں داخلہ مل گیا، کرکٹ کھیلتے کھیلتے بی اے کا امتحان جیسے تیسے کرکے پاس کر لیا اور دوران تعلیم ہی اپنے بھائیوں اداکار تنویر خواجہ اور سلیم خواجہ کو دیکھ کر اداکاری کا شوق چرایا، سلیم خواجہ کا پی ٹی وی کے ڈرامے انگار وادی میں لازوال کردار’’نولکھا‘‘ ابھی تک لوگ نہیں بھولے۔
ذرائع کے مطابق اداکار خواجہ مسعود گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، طبیعت ناسازی کے باعث وہ گذشتہ چند روز سے راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ آج دم توڑ گئے۔
خواجہ مسعود کا شمار پاکستان کے معروف کامیڈین میں ہوتا تھا، جن کے بے ساختہ جملے کر ناظرین خوب محظوظ ہوتے تھےمسعود خواجہ بیس برس سے زائد عرصے سے تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلم میں اداکاری، ہدایتکاری سے منسلک رہے،انہوں نے چند روز قبل راولپنڈی آرٹس کونسل میں اسٹیج ڈرامہ “نقل مکانی” میں آخری بار پرفارم کیا تھا۔مسعود خواجہ نے اپنے علاج معالجے کے لئے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مدد کی اپیل بھی کی تھی۔
احمد خواجہ کو پروگرام ” خواجہ آن لائن ” سے بے حد پزیرائی ملی، اس شو کے باعث وہ شہرت کی بلندیوں پر جاپہنچے، اس کے علاوہ انہوں نے پی ٹی وی کے معروف ڈرامے’ گیسٹ ہاؤس’ میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔
رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے معروف کامیڈین مسعود خواجہ کی رحلت پر افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مسعود خواجہ کےاہل خانہ کے غم میں شریک ہیں، فنِ مزاح کے فروغ میں مسعود خواجہ کی خدمات گرانقدر ہیں۔