فیصل آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو لانے والوں سے کہہ دیا تھا جب وہ اپنا مکروہ چہرہ دکھائے گا تو نوازشریف یاد آئے گا، عوام نے موقع دیا تو اگلا وزیراعظم پھر نواز شریف ہوگا۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ 2018 میں دھاندلی کے ذریعے بہروپیے کامیاب کروائے گئے، سابق حکومت معاشرے میں زہرگھولتی رہی، سابق حکومت کے چارسالوں میں کیا کیا؟ وہ شخص کہتا تھا مرجائے گا مگرآئی ایم ایف کے پاس نہیں جائے گا، اس شخص نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا پھراس کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ اب ڈیفالٹ کا دور دور تک کوئی نشان نہیں، 200 یونٹ تک بجلی کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف کی سربراہی میں کارکن کی طرح خدمت کروں گا، اگر ن لیگ کوپانچ سال کا مینڈیٹ دیا توپاکستان کی قسمت بدل دیں گے، 2018 میں افسران کوکہا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کو لانے کےلیے ہرحربہ استعمال کیا جارہا ہے، ان افسران کوکہا تھا چیئرمین پی ٹی آئی آپ کو اپنے اصل چہرہ دکھائیں گے تو تواز شریف آپ کوفرشتہ نظرآئیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ نوازشریف پربے بنیاد الزامات لگا کر نااہل کیا گیا، پاناما میں 400 افراد کے نام تھے، نوازشریف کا نام نہیں تھا، ثاقب نثار اس سازشی ٹولے کا سرغنہ تھا، نوازشریف کی قیادت میں 2013 سے 2018 تک ترقی کا سفرکیا تھا، اب کام کرنے کا وقت ہے باتیں کرنے کا نہیں، اٹھیں نوازشریف کا ساتھ دیں، موقع ملا تو اگلے وزیراعظم نوازشریف ہوں گے اوران کے اگلے دور میں تمام بچوں کو لیپ ٹاپ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل جادو ٹونے سے حل نہیں ہونگے، پاکستان کے مسائل محنت اور دیانت سے حل کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ کو یہاں سےکامیاب کراکے2018 کا بدلہ لینا ہے، ووٹ کی طاقت سے بہروپیوں کو شکست دینی ہے، موجودہ حکومت میں شامل جماعتوں کا اتحاد آئندہ بھی جاری رہے گا، جے یو آئی سے ن لیگ کا قدرتی رشتہ بنتا ہے، آگے بھی ساتھ چلیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے بہروپیے پتا نہیں کیا کیا باتیں کرتے رہے، 50 ارب روپے پاکستان کے خزانے میں کیوں نہیں جمع کرائے گئے؟ توشہ خانے کی گھڑی بیچ کرانہوں نے پیسے اپنی جیب میں ڈال دیے، آپ نے فراڈیوں اور دھوکے بازوں کی بات سننی ہے تو پھر اس ملک کا خدا حافظ ہے۔