لاہور (نمائندہ خصوصی ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ جب چینی اور آٹا دونوں 170 روپے کلو ہوگا تو اتحادی حکومت کی جماعتوں کے بیلٹ بوکس سے ووٹ کی بجائے کچھ اور نکلے گا ،حالات بدلنے جارہے ہیں ،حکمرانی گلے پڑنے والی ہے ،ان کو لینے کے دینے پڑیں گے بس تھوڑا سا انتظار اور ہے ،حکمرانوں کے ستارے گردش میں ہیں ،حکمران اتحاد انتخابات میں ایک دوسرے کا سیاسی پوسٹمارٹم کرے گا۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کا کم و بیش 2 ہفتوں کا کھیل تماشہ باقی رہ گیا ہے،342 کی اسمبلی میں 12 آدمیوں نے100 سے زیادہ بل پاس کر کے گنیز بک میں عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ،اسمبلی کے اجلاس کے لیے 86 ممبروں کا ہونا ضروری ہے لیکن جس اسمبلی کی کوئی عزت توقیر نہ ہو وہاں اکیلا اسپیکر ہی کافی ہے ،اسمبلی کے آخری اجلاس میں جس تیزی سے 100بل پاس کیے ہیں یہ سوچا سمجھا منصوبہ ہے ،ڈس انفارمیشن اورمسں انفارمیشن کو چالاکی سے بل میں ڈالا گیا ،آزادی صحافت کو ہتھکڑیاں پہنا دی گئیں ہیں ،یہ آزادی صحافت کاگلا گھونٹ پالیسی ہے ،جاتے جاتے آزادی صحافت کا جنازہ دھوم سے اٹھایا گیا ہے ،جس تیزی کے ساتھ میڈیا کو دبانے کی کوشش کی گئی ہے یہ ان کے اندر کا خوف ہے جو باہر آرہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب چینی اور آٹا دونوں 170 روپے کلو ہوگا تو ان کے بیلٹ بوکس سے ووٹ کی بجائے کچھ اور نکلے گا ،ان کو بخوبی علم ہے کہ 15 مہینوں میں غریب کے ساتھ جو کچھ انہوں نے کیا ہے عوام الیکشن کے روز سود سمیت یہ ادھار اتار دیں گے ،اس لیے الیکشن کرواتے ہیں تو مارے جاتے ہیں الیکشن سے بھاگتے ہیں تو مارے جاتے ہیں ،اس ماہ کے بجلی کے بل آئیں گے تو غریب کو 440 وولٹ کا کرنٹ لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالات بدلنے جارہے ہیں ،حکمرانی گلے پڑنے والی ہے ،ان کو لینے کے دینے پڑیں گے بس تھوڑا سا انتظار اور ہے ،یہ جو قدم اٹھاتے ہیں الٹا ان کے گلے پڑتا ہے۔