لندن (نیٹ نیوز)
مائیکرو سافٹ کی جانب سے 1995 میں متعارف کرایا جانے والے ویب براؤزر انٹرنیٹ ایکسپلورر 15 جون 2022 کو ریٹائر ہو گیا تھا۔
عالمی میڈیا میں یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ کمپنی نے تو اس بارے میں کچھ نہیں سوچا مگر جنوبی کوریا کے ایک سافٹ وئیر انجینئر جونگ کی ینگ نے انٹرنیٹ ایکسپلورر کی ‘آخری آرام گاہ’ تیار کی ہے۔
انٹرنیٹ ایکسپلورر کے اختتام کی یادگار کے طور پر جونگ کی ینگ نے 330 ڈالرز خرچ کرکے ایک کتبہ تیار کرایا۔جب اس کتبے کو جونگ کی ینگ نے کورین شہر Gyeongju میں واقع اپنے بھائی کے کیفے میں رکھا تو اس کی تصویر وائرل ہوگئی۔
سافٹ وئیر انجینئر کے مطابق یہ کتبہ اس پرانے سافٹ وئیر کے حوالے سے ان کے ملے جلے جذبات کا اظہار کرتا ہے، جس نے ان کی ورکنگ لائف میں اہم کردار ادا کیا۔
خیال رہے کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر جنوبی کورین کے سرکاری دفاتر اور متعدد بینکوں میں ڈیفالٹ براؤزر تھا تو اس کا استعمال وہاں آخر تک کافی زیادہ ہوتا تھا۔
جونگ کی ینگ نے کہا کہ انہوں نے یہ کتبہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کے لیے بنایا تھا مگر پھر بھی وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ان کا یہ مذاق کتنا وائرل ہوا۔واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 15 جون کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر ڈیسک ٹاپ ایپ کا استعمال ممکن نہیں ہوگا بلکہ اس پر کلک کرنے پر ایج براؤزر اوپن ہوجائے گا۔
مائیکرو سافٹ ایج کے جنرل منیجر سین لینڈرسے نے کمپنی بلاگ میں 15 جون کو انٹرنیٹ ایکسپلورر کے عہد کے اختتام کا اعلان کیا تھا ،انہوں نے بتایا تھاکہ مائیکرو سافٹ ایج انٹرنیٹ ایکسپلورر کے مقابلے میں نہ صرف زیادہ تیز، زیادہ محفوظ اور جدید براؤزر ہے بلکہ یہ صارفین کو اس پرانے براؤزر کے استعمال کا تجربہ بھی فراہم کرتا ہے۔