اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسلام آباد کیپیٹل پولیس ڈولفن ایمرجنسی ریسپانس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے ڈولفن کا باقاعدہ افتتاح کیا،ڈولفن کا پہلا دستہ باقاعدہ اپنے فرائض پر مامور کردیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہاکہ ڈولفن کے قلیل وقت میں قیام پر آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں، پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ آپ کا فرض شہریوں کی حفاظت ہے جو ایک عبادت ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ اسلام آباد کے سٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے میں یہ ایک اہم اقدام ہو گا ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ڈولفن سب سے پہلے لاہور میں متعارف کروائی گئی۔ اسلام آباد میں سٹریٹ کرائم بڑھ رہا ہے اس کے پیش نظر وزیراعظم پاکستان نے فنڈ مہیا کیے جس سے فورس متعارف کروائی گئی۔انہوں نے کہاکہ یہ فورس اسٹریٹ کرائم پر قابو پائیں گے اور مجرموں کا قلع قمع کریں گے ،انہوںنے کہاکہ اپنے فرائض انجام دینا صرف ڈیوٹی نہیں ایک قربانی بھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ امید کرتا ہوں کہ آپ خدمات سر انجام دیتے ہوئے شہریوں کےجان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ فورس میں 900 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ فورس کے قیام کا مقصد سٹریٹ کرائم پر قابو پانا اور مذہبی عبادت گاہوں اور جلسے جلوسوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔رانا ثنا ءاللہ نے کہاکہ ڈولفن فورس کے پہلے دستے کے لئے 40 گاڑیاں اور 200 موٹر سائیکل میسر ہوں گے۔