اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سابق وزیراعظم شاہد خاقان عبا سی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں نئے انتخابات بے سود ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاست سے دستبردار نہیں ہوا لیکن انتخابات کا فائدہ نظر نہیں آ رہا،آئندہ کیلئے کیا لائحہ عمل ہو گا،مجھے کچھ علم نہیں۔شاہد خاقان عباسی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلیمان نے اپنے دور میں ایسا کیا کام کیا جو عوام کیلئے فائدہ مند ہو؟۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے نیب بنا کر پہلے پیپلز پارٹی پیٹریاٹ اور پھر ق لیگ بنائی جو ناکام رہیں۔ نہ پارٹیاں بنانے والے آج موجود ہیں اور نہ ہی بننے والے وہ رہے،بننے والوں کی وہ عزت ہے اور نہ ہی وہ ملک کو کچھ دے سکے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا دعویٰ تو استحکام لانے کا ہے،تاریخ یہی سبق دیتی ہے جو مشکل وقت میں کھڑا رہتا ہے وہ ٹھیک ہی رہتا ہے۔ سیاست پیچیدہ نہیں بے مقصد ہو گئی ہے اور یہ سیاست نہیں چلتی کہ اس کو گرا دو اس کو بنا دو،یہ 75 سال بہت کر لی۔ نام نہاد احتساب کے ادارے کسی اور مقصد اور سیاست کیلئے استعمال کئے جا رہے ہیں۔۔