اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت نے عوام کو بجلی کا دوسرا جھٹکا لگانے کی تیاری کر لی۔ذرائع کے مطابق بجلی کے نرخ میں مزید 3 روپے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا، اضافہ کے بعد بجلی کی اوسط قیمت 29 روپے سے بڑھ کر 33 روپے فی یونٹ ہو جائے گی، اگر اس میں ٹیکسز بھی شامل کر لئے جائیں تو بجلی کا فی یونٹ ففٹی کراس کر کے 53 روپے ہونے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت نے بجلی 8 روپے فی یونٹ بڑھانے کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی تھی، چند روز قبل بجلی 4 روپے 96 پیسے مہنگی کی گئی، اب 3 روپے ایک پیسے یونٹ بڑھائی جائے گی، حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ورکنگ پیپر نیپرا کو بھجوائے گی۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نیپرا سے منظوری کے بعد قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیش جاری کیا جائے گا، حکومت کو رواں مالی سال میں 3 ہزار 495 ارب روپے ریونیو کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے بجلی بلوں میں ٹی وی فیس کی طرز پر ریڈیو فیس کی وصول کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت صارفین کو ہر بل میں 15 روپے ریڈیو فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔