کراچی(اسٹاف رپورٹر)گزشتہ5سال سے کراچی میں قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو حکومتِ پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت اتوارکی صبح ملیر جیل سے رہا کر کے لاہور روانہ کر دیا ہے، جنہیں پیر کی دوپہر واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔کراچی میں نیشنل ہائی وے پر واقع ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کے سپرنٹنڈنٹ محمد ارشد کے مطابق 20 بھارتی ماہی گیروں کو کورٹ پولیس اور ایدھی فاﺅنڈیشن کی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایدھی فاﺅنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے مطابق 20ماہی گیروں کو لاہور کے واہگہ بارڈر تک پہنچانے کے تمام سفری اخراجات ایدھی فاﺅنڈیشن نے اداکیئے ہیں۔ترجمان کے مطابق ایدھی فاﺅنڈیشن کی جانب سے ماہی گیروں کو خصوصی بس کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا ہے۔جیل پولیس کی ٹیم بھی بس میں ماہی گیروں کے ساتھ جائے گی جو دیگر انتظامات کرے گی۔ایدھی فاﺅنڈیشن کے مطابق حسبِ سابق ماہی گیروں کے سفری اخراجات کے علاوہ انہیں اخراجات کے لیے رقم اور کچھ تحائف بھی دیے گئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق ان ماہی گیروں کو جون 2018 میں پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر گھسنے اور بلا اجازت ماہی گیری کرنے کے الزام میں سرکاری اداروں نے گرفتار کیا تھا۔رہائی پانے والے ماہی گیروں میں کانجی، مانو، دانا، جیوا، رمیش، دنیش، دیوسی، میرو، نارائن، بھانرا، لال جی، نان جی، ابو، یونس، نثار، عقیل، امین، دینیش، فرید اور انیس شامل ہیں۔پاکستانی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق عمومی طور پر ماہی گیروں کو ملکی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا جاتا ہے۔