اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر سائفر کا بیانیہ جھوٹ تھا ،9 اور10مئی کے واقعات غلط اورپاکستان پرحملہ تھے تو تمام کرداروں پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالاگیا؟، نواز شریف ایک ایسا طاقتورانجن ہے جو کمزور بوگیوں کو منزل سے ہمکنار اورملک کو آگے لے کر جاسکتا ہے،نواز شریف قوم کےلئے امید ہے جو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کرملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں ، اس کے راستے میں بارودی سرنگیں بچھانا بند کی جائیں ، انصاف کےلئے ستمبر تک انتظار کرنا درست نہیں، ریاست کو کسی ایک شخص پر قربان نہیں ہونے دیں گے۔جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشیں دم توڑ رہی ہیں اگر پورا سچ بول دیا جائے تو ملک کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ سائفر کے حوالے سے جو باتیں سامنے آرہی ہیں یہ کوئی نئی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ممالک کا نام لے کر اور لوگوں کی محرومیوں کا نام لے کر یہ سب کچھ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سامنے لائےجانے والے لوگ پھر ریاست کے خلاف استعمال کئے جاتے ہیں،ذولفقار علی بھٹو، نواز شریف اور عمران کےدرمیان کوئی مماثلت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو کو پھانسی پر چڑھایا گیا، نواز شریف کو جلاوطن کیا گیا اورعمران خان کو لا کر ریاست کو کمزور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کونسل کے دونوں اجلاسوں میں سائفر کے حوالے سے کہا گیا کہ کہ کوئی سازش نہیں ہوئی مگر عمران خان پھر بھی سائفر والے بیانئے پر قائم رہے۔ انہوںنے کہاکہ جو بھی ریاست کا آئین توڑتا ہے بغاوت ہر اکساتا ہے اور ریاست کو کمزور کرتا ہے تو اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ 2017 اور سائفر کے کردار ملتے جلتے ہیں،ان سازشوں کے مقاصد اب کسی سے پوشیدہ نہیں رہے۔