کراچی ( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اعظم خان جلد منظر عام پر آ جائیں گے اور پریس کانفرنس بھی کر لیں گے۔خصوصی گفتگو میں فیصل واوڈا نے اعظم خان سے متعلق انکشاف کیا کہ وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بہت خاص پرنسپل سیکریٹری تھے، وہ سابق چیف آئی ایس آئی فیض حمید اور سابق وزیر اعظم کی بات کو کبھی رد نہیں کرتے تھے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ اعظم خان پیسوں کے لین دین میں ملوث نہیں تھے لیکن ان کے اختیارات کے بے جا استعمال کی بات کی جا سکتی ہے۔سابق وفاقی وزیر نے دعوی کیا کہ ارشد شریف کا قتل، سائفر اور لانگ مارچ کا ایک ہی مقصد تھا کہ صدارتی سیٹ اپ لا کر چیئرمین پی ٹی آئی کو بٹھا دیا جائے اور سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کو فارغ کر کے پسند کا آرمی چیف لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سائفر پر صرف چیئرمین پی ٹی آئی نہیں باقی لوگوں کو بھی ذمہ دار ٹھہرائیں، سابق وزیر اعظم قانونی اعتبار سے بند گلی میں پھنس چکے ہیں، وہ سیاسی طور پر خودکشی کی طرف جا رہے ہیں اور تاریخی غلطی کریں گے۔انہوںنے کہا کہ سائفر سے متعلق میٹنگ میں وفاقی کابینہ کے تمام لوگ نہیں بیٹھے تھے، میٹنگ کے بعد کابینہ کو سائفر کے معاملے پر بریفنگ دی گئی تھی، جب میں نکالا گیا اس کے بعد جو بھی صورتحال آئی واضح طور پر بتاتا گیا۔سابق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے اور بھی قریبی ساتھی بہت کچھ بتانے آ رہے ہیں، بہت سے گواہ آنے والے ہیں جو انتہائی قریبی سمجھے جاتے تھے۔