کراچی(نمائندہ خصوصی )قائدآباد کے علاقے میں میں 2 ٹرالرز کے درمیان میں آکر رکشا کچلا گیا، جس کے نیتجے میں رکشے میں سوار 2 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ ڈرائیور اور جاں بحق بچے کی فیملی کے 3 افراد زخمی ہوگئے۔لانڈھی داﺅد چورنگی پل پر 22 ویلر ٹرالر کے بریک فیل ہوگئے، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سے بے قابو ہو کر ریورس میں واپس پل سے اترتے ہوئے ٹرالر نے رکشے کو روند ڈالا۔ عقب میں 10 ویلر ٹرک کھڑا تھا، اور دونوں ٹرالرز کے درمیان رکشا کچلا گیا۔متوفی بچے کی لاش ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت تاجدار علی ولد علی ارشد کے نام سے کی گئی ۔حادثے میں رکشا ڈرائیور اور جاں بحق ہونے والے بچے کے والد، والدہ اور بہن کو معمولی چوٹیں آئیں۔پولیس کے مطابق متوفی بچہ قائدآباد کا رہائشی تھا ۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔حادثے کا ذمے دار ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس حکام کے مطابق داﺅد چورنگی پر پل چڑھتے ہوئے 22 ویلر ٹریلر بریک فیل ہونے سے واپس اتر گیا، ٹریلر کے پیچھے آنے والا رکشہ اس کی زد میں آ گیا، جو رکشے کو رگیدتے ہوئے پیچھے موجود ایک اور ٹریلر کے پاس لے گیا۔پولیس حکام کے مطابق بریک فیل ہونے والے ٹریلر کے پیچھے جو رکشہ آ رہا تھا اس میں فیملی سوار تھی، رکشہ ڈرائیور نے مڑنے کی کوشش بھی کی لیکن موقع نہیں ملا، ٹریلر اپنے ساتھ رکشہ کو رگڑتا ہوا آیا، اس وقت اس کے پیچھے 10 ویلر ٹریلر آ گیا۔ بدقسمت رکشہ دونوں ٹریلر کے درمیان آنے سے ٹریلر کے نیچے پھنس گیا، اس حادثے میں رکشہ ڈرائیور اور رکشے میں موجود فیملی زخمی ہوئی، جب کہ ایک بچہ جاں بحق ہو گیا، اور ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔