پشاور (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخواہ کے ضلع خیبر کے باڑہ بازار میں واقع پولیس سٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی، دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔خیبر پولیس نے بتایا ہے کہ باڑہ بازارمیں تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکا ہوا ہے، ریسکیو کی جانب سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق ایک پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگیا جبکہ زخمیوں میں ایک ایچ ایم سی،3 زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 6 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق کمپاونڈ کے اندر باڑہ تھانہ، سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں جبکہ تھانے کے اندر سی ٹی ڈی سیل بھی ہے۔ دھماکہ سے سی ٹی ڈی سیل کی عمارت کا آدھا حصہ گرگیا۔ آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات کے مطابق کمپاونڈ پر دو دہشتگردوں نے حملہ کیا، ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ اور دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلے کی کوشش کی، اہلکاروں نے حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا، حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں 4اہلکار زخمی ہوئے، بادی النظر میں حملہ آوروں نے اندرجانے میں ناکامی پر خود کو اڑا دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روزبھی خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے تھے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے باڑہ بازار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے مشتبہ افراد کو روک کر اور اپنی جانوں پر کھیل کر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے واقعہ میں پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہید کیلئے مغفرت اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیرِ اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پولیس اہلکاروں نے مشتبہ افراد کو روک کر اور اپنی جانوں پر کھیل کر دھشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اپنی جان پر کھیل کر عوام کی حفاظت یقینی بناتے ہیں،مجھ سمیت پوری قوم پولیس کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ راناثناءاللہ نے باڑہ بازار خیبر میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار کے بلند درجات کیلئے دعا گو ہوں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ دہشت گردی کا قلع قمع کر کے ہی دم لیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں تاریخ رقم کر رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردوں کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔