کراچی (نمائندہ خصوصی )بلدیاتی اداروں اور سربراہوں کو با اختیار بنانے کا بل سندھ اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔وزیرِ پارلیمانی امور مکیش چاولہ نے بل سندھ اسمبلی میں پیش کیا۔بل کے متن کے مطابق سندھ بھر کے میئرز اور چیئرمین، متعلقہ ڈویژن اور اضلاع میں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے، کے ڈی اے، ایل ڈی اے، ایم ڈی اے کا چیئرمین میئر کراچی ہو گا۔بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا چیئرمین میئر حیدر آباد ہو گا، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کا ریجنل چیف ایگزیکٹیو بھی متعلقہ میئر کی مشاورت اور 3 تجویز کردہ افسران میں سے ایک بنے گا۔بل کے متن کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا چیئرمین میئر کراچی ہو گا، واٹر بورڈ میں چیف ایگزیکٹیو میئر کراچی کے تجویز کردہ 3 افسران میں سے 1 بنے گا۔بل کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا چیئرمین متعلقہ کونسل کا سربراہ بنے گا، تمام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کونسل کے ماتحت ہوں گے۔