ماسکو ( نمائندہ خصوصی)
بیلاروس کی ایک زرعی مشینری بنانے والی کمپنی نے ٹریکٹر کے پرزوں سے فارمولا ون کار بنائی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے وہ 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے۔روس کے شہر یکیٹرینبرگ میں ایک نمائش منعقد ہوئی جہاں روس اور بیلاروس سے 150 کمپنیوں نے اپنی نئی زرعی، تعمیراتی اور ٹرانسپورٹ مشینری کو نمائش کیلئے پیش کیا۔اس نمائش میں نا تو کوئی ٹریکٹر بازی لے جاسکا نا ہی دیگر مشینری لیکن ٹریکٹر بنانے والی کمپنی کی فارمولا ون کار توجہ کا مرکز بن گئی عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایک غیرمعمولی ریسنگ کار معلوم ہوتی ہے لیکن جب آپ اس کو غور سے دیکھیں تو اس میں ٹریکٹر سے کافی مشابہت پائی جاتی ہے۔روس کے وزیراعظم میشوسٹن اور ان کے بیلاروسی ہم منصب گولوچینکو اس کار سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے اس کی سواری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن انہیں بتایا گیا کہ یہ گاڑی صرف ایک ماڈل ہے، چل نہیں سکتی۔یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فامولا ون کار کیا ایک مارکیٹنگ کا حربہ تھا تاکہ ٹریکٹر کمپنی کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کروائی جائے یا اس گاڑی کا چلنے والا ماڈل واقعی موجود ہے۔روس کے اخبار نے دعویٰ کیا کہ یہ صرف مارکیٹنگ کا حربہ تھا جبکہ دیگر میڈیا رپورٹس میں بیلنٹرایکسپو کی ڈائریکٹر نتالیا کوراش سے منسوب بیان شائع کیا گیا کہ اس کار کا ورکنگ ماڈل واقعی موجود ہے جس کی رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔\