اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا ۔ قومی اسمبلی کی تحلیل کے بارے میں میڈیا رپورٹس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے تاریخ کا فیصلہ ہوگا ،قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق ہو گیاذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے 8 اگست کو اسمبلی تحلیل کرنےکی تجویز دی تھی۔حکومت کو قانونی ماہرین نے بھی 8 اگست کو اسمبلی توڑنے کی تجویز دی ہے۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی توڑنے کے لیے 9 اور 10 اگست پر بھی غور کیا گیا تھا۔قانونی ماہرین نے کہا تھا کہ اسمبلی توڑنے کی سمری پر صدر منظوری نہ دے تو اسمبلی 48 گھنٹے بعد تحلیل ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست رات 12 بجے تک ہے۔