لاہور ( نمائندہ خصوصی ) صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نےکہا کہ آئندہ جنگ پانی پرہونے کا خدشہ ہے،ہم خواب خرگوش میں مدہوش ہیں ،چین اوربھارت کی طرح پاکستان میں بڑے پیمانے پر نئے ڈیم بنانے ہوں گے ۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعبدالعلیم خان نے بھاری بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو پچھترسال سے سیلاب کے عذاب کاسامنا ہے ، واٹر مینجمنٹ کی ضرورت ہے ۔ پاکستان ایک سو پینتالیس ملین ہیکٹر پانی میں سے صرف چودہ ملین ہیکٹر ذخیرہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سیلاب سے تین کروڑ تیس لاکھ افراد متاثر ہوئے اور اربوں کا نقصان ہوا ۔2022میں اڑھائی لاکھ گھر،سترہ ہزار پانچ سو ستاسٹھ اسکولز تباہ اور بہتر اضلاع آفت زدہ تھے۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیلاب سے تین سو پچاس بچوں سمیت ایک ہزار ایک سو پچاس معصوم شہری لقمہ اجل بنے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہرسیلاب میں حکمران نئے سے نئے دعوے اور وعدے کر کے چلے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی حقیقی معنوں میں ملک میں زرعی انقلاب کی داعی ہے۔