اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق کر لیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز دی تھی جبکہ قانونی ماہرین کی طرف سے بھی حکومت کو 8 اگست کی تجویز دی گئی تھی۔قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے 9 اور 10 اگست کی تاریخوں پر بھی غور کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست تک ہے، اگر 8 اگست کو اسمبلی تحلیل نہیں ہوتی تو اس صورت میں 12 اگست کو رات 12 بجے اسمبلی از خود تحلیل تصور ہوگی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی وفاق کے ساتھ تحلیل کرنے پر اتفاق کرلیا، سندھ اسمبلی بھی 8اگست کو تحلیل کرنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی 8اگست کو تحلیل کئے جانے کا امکان ہے ، پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی وفاق کے ساتھ تحلیل کرنے پر اتفاق کرلیا۔ذرائع صوبائی اسمبلی کا کہنا ہے کہ 7 اگست تک اسمبلی مدت کے کام مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے اور سیکریٹری اسمبلی کو اہم ہدایات مل گئیں ہیں۔سندھ اسمبلی کا الوداعی اجلاس اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگا، 7 اگست تک اراکین صوبائی اسمبلی کا فائنل فوٹو سیشن ہوگا اور تمام ارکان کوکارکردگی سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے، سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے آخری دنوں کا کا شروع کردیا ہے۔اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی 8اگست کو تحلیل کر دی جائے گی ، قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری صدر مملکت کو ارسال کی جائے گی۔آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے دستخط نہ کیے تو 48 گھنٹے میں اسمبلی خود بخود تحلیل ہو جائےگی۔خیال رہے حکومت کی مدت 12 اگست رات بارہ بجے تک پوری ہوگی، قبل از وقت اسمبلی تحلیل کیے جانے سے یہ بات واضح ہے کہ انتخابات کا انعقاد 90 روز میں ہوگا کیونکہ مدت پوری ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل کیے جانے پر آئینی لحاظ سے انتخابات 60روز کے اندر کروانے ہوں گے۔