اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق سے آذربائیجان کے وزیر برائے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ راشاد نیبیوکی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں ڈیجیٹل منتقلی، سافٹویئر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی برآمدات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر فریقین نے دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہاکہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک میں مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں ، آذربائیجان کے ساتھ ٹیکنالوجی سیکٹر میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لیئے آئی ٹی انڈسٹری کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہے ہیں۔ آذربائیجان وزیر برائے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیئے جوائنٹ ورکنگ بنانے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے ساتھ مل کر سافٹویئر ڈویلپمنٹ پر کام کرنا چاہتے ہیں۔اس سے پہلے ممبر آئی ٹی سید جنید امام نے آذربائیجان کے وفد کو ڈیجیٹل پاکستان لینڈ سکیپ پر تفصیلی بریفنگ دی۔