فیصل آباد (نمائندہ خصوصی )ملک بھر میں جعلی زرعی ادویات کے خاتمہ کیلئے آپریشن کریک ڈاون تیز کر دیاگیا جبکہ مختلف مقامات سے لاکھوں روپے کی جعلی زرعی ادویات بھی برآمدکر لی گئی ہیں۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ محکمہ زراعت کے حکام کو مذکورہ مہم کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب جعلی زرعی ادویات اور کھادوں میں ملاوٹ کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر گامزن ہے اورجعلی زرعی ادویات کے خلاف جاری مہم کے نتیجہ میں زرعی ادویات میں ملاوٹ کے مرتکب افراد کا گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے جس سے صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ اعلیٰ حکام جعلی زرعی ادویات کے خلاف مہم کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں کوہدایت کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور محکمہ زراعت کے مقامی افسران سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ جعلسازوں کو کیفرکردار تک پہنچانے سمیت سرسبز زرعی انقلاب لانے کا خواب شرمندہ تعبیر کیاجاسکے۔