اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )غیر قانونی قرضہ ایپلی کیشن کےخلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے اپنے بیان میں کہاکہ چیئرمین پی ٹی اے میجرجنرل حفیظ الرحمان کو ایسی ایپلی کیشنز کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ ہدایات پر فوری عملدرآمد کے تحت اب تک 43 ایپلی کیشنز کو بلاک کردیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کی کمپنیاں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں رجسٹرڈ ہوتی ہیں، پی ٹی اے کے اقدامات میں ایس ای سی پی سے بھی مشاورت و معاونت شامل ہے۔ وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہاکہ فیس بک، اوردیگرسوشل میڈیا پلیٹ فارمز کےذریعے قرضہ دینے والی مافیا سادہ لوح افراد کو بلیک میل کررہی ہیں۔ وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہاکہ صارفین کی آگاہی کیلئے مہم بھی چلائی جائے کہ وہ اس طرح سے بلیک میلنگ مافیا کا شکار نہ بن سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عوام بھی ایسی ایپلی کیشنز کی شکایت، پی ٹی اے، ایف آئی اے سائبر کرائم اور مقامی پولیس کے پاس درج کرائیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سے بھی رابطہ، اب تک کی کارروائیوں پر بریفنگ لی۔ سید امین الحق نے کہاکہ ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ شکایات کا انتظارکرنے کے بجائے ایسے عناصر کے خلاف ازخود کارروائی کرے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عوام کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاکرانھیں موت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے عناصر کی سرکوبی ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قرضہ ہزاروں کا واپسی لاکھوں میں، دھمکیاں، بلیک میلنگ، صارف کے ذاتی ڈیٹا کا استعمال، خلاف قانون ہے۔ انہوںنے کہاکہ صارفین بناسوچےس مجھے آن لائن، وسوشل میڈیا اشتہارات سے متاثرہوکرذاتی ڈیٹا کسی سے شیئرنہ کریں۔ انہوںنے کہاکہ آن لائن ڈالرزکمانے کی مختلف پوسٹوں پر عمل میں احتیاط ضروری، کوئی رقم یا معلومات فراہم نہ کی جائیں۔