کراچی (نمائندہ خصوصی )سندھ میں آئل ٹینکرز کے ڈرئیورز کے اغواءکے پے در پے واقعات کے خلاف کراچی میں آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔درجنوں ٹینکرز اور گاڑیوں کے ہمراہ ڈرائیورز، مالکان اور دیگر افراد نے شیریں جناح کالونی سے کلفٹن میں بلاول چورنگی تک احتجاجی ریلی نکالی اور بلاول ہاﺅس چورنگی پر احتجاج کیا۔مظاہرین کے مطابق خالد بھٹنی نامی ڈرائیور کو 24 جون کو کندھ کوٹ میں اغواءکیا گیا ہے۔ترجمان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن لئیق زادہ کے مطابق اس معاملے میں پولیس حکام نے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور کی رہائی کےلیے اغواءکار ایک کروڑ روپے تاوان مانگ رہے ہیں۔ٹرانسپورٹرز کے مطابق اس سے قبل بھی متعدد ڈرائیوروں کو اغواءکر کے تاوان وصول کیا جا چکا ہے۔ٹرانسپورٹرز نے کہاکہ ٹینکرز اور ٹرکوں کے ڈرائیورز سندھ میں سفر کے دوران خوف محسوس کر رہے ہیں۔احتجاج کے دوران کلفٹن میں بلاول چورنگی کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک معطل ہو گیا، تاہم صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے ضلع ساﺅتھ کی پولیس موقع پر موجود تھی۔