سکھر(نمائندہ خصوصی ) سکھربیراج سے لاشیں ملنے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ سکھر بیراج کے دروازے سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ایک ہفتے کے دوران دریائے سندھ کی بے رحم موجوں کی نذرہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق لاش کو روھڑی تعلقہ اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔اس سے قبل سکھر بیراج میں نامعلوم مقام سے بہہ کر آنے والی ایک پانچ سالہ بچے کی لاش مل گئی۔ بیراج کے دروازے میں پھنسی نامعلوم لاش کو 24 گھنٹے گزرنے کے بعد نکال لیا گیا۔امدادی اہلکاروں کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملنے والی لاشوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے، ملنے والی نامعلوم لاشوں میں 3 خواتین اور ایک بچے کی لاشیں بھی شامل ہیں تاہم تاحال ایک لاش کی بھی شناخت نہ ہوسکی۔حادثہ یا قتل؟ لاشیں کہاں سے آرہی ہے؟ بڑی تعداد میں لاشیں ملنے پر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ سول سوسائٹی نے حکومت سے کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔