کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیربلدیا ت سندھ سیدناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کے لیے اہم ہے، پاکستان کا استحکام پہلی ترجیح ہے، ہماری سیاسی اور پارٹی وابستگی اپنی جگہ پاکستان سے پیار سب سے پہلے ہے، ہم سب کو پاکستانکے لیے اہم کردار ادا کرنا ہوگا، ان خیالات کااظہار وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے یوتھ پارلیمنٹ اور ڈی ایکس گروپ تحت منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا، وزیربلدیات کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے اور دشمنوں کی نظر میں پاکستان کھٹکتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی غدار نہیں، غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والی فیکٹری بند کرنی ہوگی،نوجوان سوشل میڈیا کے دور میں جھوٹے پروپیگنڈوں سے بچیں اور اور سچ کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ کچھ لوگوں کے لیے اقتدار سب سے پہلے ہے، سندھ نے پاکستان بنایا سب سے پہلے قرارداد سندھ نے پاس کی، ان کا کہنا تھاکہ پاکستان آج آزاد ہے ہم غلام قوم نہیں ہیں، کشمیریوں پر مظالم ہم برداشت نہیں کرسکتے
آزادی کی اہمیت کشمیریوں سے پوچھیں۔ ڈی ایکس گروپ کے سی ای او سیف اللہ نے شرکا سے خطاب ہوئے نوجوان نسل کی اہمیت کو بیان کیا،ان کا کہنا تھاکہ ہم خوش نصیب قوم ہیں جس کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے جونوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اس قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں، قوم کے لیے خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ کانفرنس کے دوران یوتھ پارلیمنٹ کے فاونڈر چیئرمین رضوان جعفر نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا اور حاضرین نے بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر اور اپنے موبائل فون کی ٹارچ روشن کرکے شہدا کو انوکھے انداز سے خراج عقیدت پیش کیا ۔ تقریب میں دس نوجوانوں کو قوم کی خدمات پر اعزازات سے بھی نوازہ گیا، تقریب میں رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل ، سینئر سیاستدان جان اچکزئی،دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئیر (ر) حارث نواز، گورنر روٹری انٹرنیشنل ڈاکٹر آفتاب امام، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ،سماجی رہنما ظفر عباس،کرنل (ر) رضوان، لوکل کونسل ایسوسی ایشن سندھ کے صدر کمیل حیدر شاہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔