کراچی / ٹھٹہ / دھابیجی (نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومتِ سندھ کے فلیگ شپ منصوبے، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون، کی سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ منصوبے سے 5 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری ہوگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ کراچی اور ٹھٹہ سے شروع کرنے والے صنعتی انقلاب کو پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ثابت کردیا کہ باقی باتیں کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی عمل کرکے دکھاتی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، دھابیجی میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر ہونے والے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے منصوبے کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت کی صوبائی حکومت نے آج ایک اور سنگ میل منصوبہ شروع کردیا ہے۔ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور غربت اور بیروزگاری کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرِ قیادت میں کام کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے پارٹی کے خلاف ایک سازش کے تحت بنائے گئی متھ کو توڑ دیا ہے کہ اصل سیاسی جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ عوام تبدیلی کے نام پر ہونی والی تباہی بھی دیکھ چکے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کی گئی تھی، جب صدر آصف علی زرداری اپنے دورِ صدارت کے دوران چین کے متواتر دورے کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کہا جاتا تھا کہ صدر مملکت کے دوروں سے ملکی خزانے پر بوجھ پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہ صدر آصف علی زرداری کی یہ ہی وہ دورے تھے، جن کے نتیجے میں پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ وجود میں آیا تھا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ویژن تھا، جس کو سندھ کی عوامی حکومت آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی – ٹھٹہ ڈوئیل کیریج وے، دریائے سندھ پر جھرک پل اور تھڑ کول مائیننگ جیسے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل ہونے والے کامیاب اور مقررہ مدت سے قبل مکمل ہونے والے منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلنے والے منصوبوں کی دنیا معترف ہے۔ حکومتِ سندھ کے پی پی پی موڈ کے تحت چلنے والے پراجیکٹس کو ایشیا کے بھترین منصوبوں کے چھٹا نمبر دیا گیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومتِ سندھ کی بھترین کارکردگے کے حوالے دیتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کے سیکٹر میں این آئی سی وی ڈی، ایس آئی یو ٹی، گمبٹ انسٹیٹیوٹ اور چائیلڈ لائیف فانڈیشن کے اشتراک سے بچوں کو ایمرجنسی علاج کی شکل میں موجود منصوبے، پاورٹی رڈکشن پروگرام، کرونا وائرس وباء اور سیلاب کے دوران اٹھائے گئے اقدامات سے عوام نے کارکردگی دیکھ لی ہے اور اب یہ مان لیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کردار کشی کی جاتی رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب نوجوانوں کو ذمیداری ملتی ہے، تو وہ کارکردگی دکھاتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں اور تاجر برادری سمیت پورے ملک کی عوام کو اپیل کی کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ جب آئںدہ عام انتخابات میں ان کی جماعت کامیاب ہوگی تو وہ اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، جس طرح اس نے سندھ کے صحتِ عامہ، انفراسٹرکچر اور ترقی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ تقریب میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ ، سندھ کابینہ کے اراکین گیانچند ایسرانی، ساجد جوکھیو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ،وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر اور ایم پی اے علی حسن زرداری سمیت سفارتکاروں، اعلیٰ سرکاری افسران، بزنس کمیونٹی کے نمائندوں اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واضح رہے کہ دھابیجی میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر ہونے والے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کا منصوبہ حکومتِ سندھ کا فلیگ شپ ترجیحاتی پروجیکٹ ہے، یہ منصوبہ اپنی لوکیشن کے حوالے سے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے، جو ملک کے اہم ترین ہوائی اڈے اور دو بندرگاہوں کے انتھائی قریب ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے گیٹ وے پر قائم ہے۔