کراچی (بیورو رپورٹ ) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے جعفریہ الائنس کے وفد نے شبر رضا کی قیادت میں گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی،اس ضمن میں انتظامیہ سے قریبی تعاون،سویڈن میں قرآن کریم کی بیحرمتی کے واقعہ ، حکومت کے معاشی اقدامات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے، انہوں نے کہا کہ سویڈن کے سفیر کو خط لکھ کر اس واقعہ پر معافی کا مطالبہ کیا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ اس سانحہ سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کی جانب سے اس گھناو¿نے عمل کی مذمت قابل اطمینان ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے معاشی اقدامات سے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے۔ شبر رضا نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی سے مسلم امہ کے جذبات مجروح ہوئے، انہوں نے مزید کہا کہ سویڈن واقعہ پر گورنرسندھ کا ردعمل پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے۔